سینیئر سیاستدان و پاکستان تحریک انصاف کے باغی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کو رہا کرانے کے لیے پی ٹی آئی کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ عمران خان اس وقت رہا ہوں گے جب 4 سے 5 لاکھ لوگ اسلام آباد کی سڑکوں پر ہوں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاکہ 5 اگست کو اڈیالہ جانے سے کون سی احتجاجی تحریک کامیاب ہونی تھی، اڈیالہ جیل جانے کی باتیں فضول ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے‘، عمران خان نے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا
انہوں نے کہاکہ اب 14 اگست کو دوبارہ احتجاج کی کال دی گئی ہے، لیکن ایک ہفتے میں کیا تیاری ہوگی۔ احتجاجی تحریک کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ لوگوں کو باہر نکلنے پر قائل کیا جائے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی حد تک پی ٹی آئی کا 5 اگست کا احتجاج کامیاب رہا، اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کوئی ریلی ہوئی ہو تو فوٹیج دکھا دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ آج کچھ ایم این ایز مجھے کہہ رہے تھے خوش قسمت ہو آپ کو پی ٹی آئی نے پارٹی سے نکال دیا ہے، معلوم نہیں ہمیں کب نکالیں گے تاکہ جان چھوٹ جائے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کو مندر کا گھنٹہ بنا دیا گیا ہے، پولیس کو جب بھی دل کرتا ہے، آکر بجا دیتی ہے، اسپیکر ایاز صادق کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک گھنٹے میں عمران خان کی رہائی ممکن ہے، اسد قیصر نے بڑا دعویٰ کردیا
انہوں نے مزید کہاکہ میں احتجاج میں تب شامل ہوں گا جب یہ بات مانی جائے گی کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی۔ یہ پی ٹی آئی کا پہلا احتجاج تھا جس میں میں شامل نہیں تھا، سب جھوٹ بولا جارہا ہے کہ احتجاج کامیاب ہوگیا۔