اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی

جمعرات 7 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیئر وکیل سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے فریقین سے پیر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفرازعلی ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، جس میں سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے پہلے ہی مقدمات کی تفصیلات کے لیے باقاعدہ درخواست دی تھی، جس کے جواب میں اسلام آباد پولیس نے رپورٹ پیش کی کہ ان کے خلاف 10 مقدمات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’سیاسی جماعتوں کو کلاس روم کی طرح نہیں چلایا جاسکتا‘ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو یہ پیغام کیوں بھیجا؟

سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ ان پرانے مقدمات میں متعلقہ عدالتوں سے رجوع کر چکے ہیں، تاہم اب اچانک نئے مقدمات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ طور پر تھانہ کراچی کمپنی میں 24 نومبر کا مقدمہ سامنے آیا ہے، جس میں عدالت نے ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روز بروز نئے مقدمات سامنے آ رہے ہیں، اور انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ اب تک ان کے خلاف کتنے مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جاتیں اور وہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع نہیں کر لیتے، تب تک انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے۔

مزید پڑھیں:عمران خان ہی پارٹی کے قائد ہیں، شاہ محمود کی سربراہی کی خبریں بے بنیاد ہیں: سلمان اکرم راجہ

عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp