امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کا فیصلہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہاتھ میں ہے، اور اگر انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ان سے کچھ ممکن ہوا تو وہ ضرور کریں گے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے انکشاف کیاکہ پیوٹن ان سے ملاقات کے خواہاں ہیں، اور وہ جلد اس ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیوٹن سے جلد ملاقات کا امکان ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس یوکرین تنازع کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور وہ جنگ رکوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے بھی تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ روسی اور یوکرینی قیادت سے ملاقاتوں کا ارادہ رکھتے ہیں، اور ان ملاقاتوں کی تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
دریں اثنا صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر 8 اگست تک یوکرین میں امن معاہدہ طے نہیں پایا تو روس پر نئی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
عالمی سطح پر بھی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیوٹن نے عندیہ دیا کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات یو اے ای میں ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ’پاگل‘ قرار دے دیا
روسی صدر نے مزید کہاکہ کئی دوست ممالک دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کروانے کے لیے کوشاں ہیں، اور اگر ایسا ہوا تو یہ ملاقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگی۔