میجر طفیل محمد شہید کا 67واں یوم شہادت، پاک فوج کا بھرپور خراج عقیدت

جمعہ 8 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید کی 67ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میجر طفیل شہید کی بہادری کو یاد کیا۔

میجر طفیل محمد نے سابق مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے سامنے نہایت جراتمندانہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ لڑائی جاری رکھے رہے اور مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔

ان کی غیر معمولی بہادری کی بدولت انہیں اعلیٰ فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ پاک فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر طفیل محمد اور دیگر شہدا کی قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے یہ سپوت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور خودمختاری کی بنیاد ہیں۔

پاک فوج نے کہا ہے کہ وہ ہر اس بہادر سپاہی کو سلام پیش کرتی ہے جس نے ملک کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ دیا، ان کی قربانیاں پاکستان میں امن، استحکام اور آزادی کے لیے لازمی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp