ملک بھر میں معطل موبائل انٹرنیٹ سروس کب بحال ہوگی؟

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں پارٹی کارکنان نے احتجاج کیا اور متعدد مقامات پر جلاؤ گھیراؤ کیا، جس کے بعد وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی، اس کے علاوہ ٹوئٹر، یوٹیوب اور ٹک ٹاک کو بھی بند کردیا گیا۔

صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا، دوپہر تک سروس بحال ہونے کا امکان

سوشل میڈیا کے دور میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش اور موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق ’وی نیوز‘ نے وزارتِ داخلہ اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا۔ ذرائع وزارتِ داخلہ کے مطابق عمران خان کی گرفتاری اور پھر پولیس لائنز میں عدالت پیشی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے اور حالات کی بہتری کی صورت میں دوپہر تک انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائے گی۔

دوسری جانب پی ٹی اے کی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے وی نیوز کو بتایا کہ وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر انٹرنیٹ سروس کی فوری بحالی کے احکامات جاری کردیے جائیں گے، مگر فی الحال وزارتِ داخلہ نے کوئی نیا ہدایت نامہ جاری نہیں کیا اور گزشتہ روز کے ہدایت نامے پر عمل کرتے ہوئے موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا موبائل انٹر نیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے اور عوام کو ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انسانی حقوق کے گروپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان کے حامیوں اور پولیس کے درمیان بڑھتی ہوئی جھڑپوں کے خدشات کے درمیان، ایمنسٹی انٹرنیشنل ان رپورٹس سے پریشان ہے کہ پاکستانی حکام نے موبائل انٹرنیٹ ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی معطل کر دی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ معلومات تک لوگوں کی رسائی اور اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرتا ہے، ہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وزارت داخلہ سے فوری طور پر اس پابندی کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

موبائل انٹرنیٹ سروس کہاں کہاں بند ہے؟

سابق وزیرَاعظم عمران خان کی گرفتاری پر پاکستان کے تمام شہروں میں احتجاج کیے گئے، سڑکوں کو بند کیا گیا اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، حالات کشیدہ ہونے کے باعث وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد منگل کی شام سے موبائل سروس آپریٹرز نے انٹرنیٹ سروس معطل کرنا شروع کردی۔ احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے باعث کچھ مقامات میں انٹرنیٹ سروس پہلے بھی معطل کی جاتی تھی تاہم پورے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کا معطل ہونا معمول سے ہٹ کر ہے۔ پی ٹی اے کی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے تصدیق کی کہ موبائل انٹرنیٹ سروس پورے ملک میں بند ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp