پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے قوم سے اپیل کی ہے کہ یوم آزادی بھرپور قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ پرچم کشائی، چراغاں اور دیگر قومی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر یہ ثابت کرے کہ ہم ایک زندہ، باوقار اور متحد قوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “معرکہ حق بنیان المرصوص میں پاکستان کی تاریخی فتح نے عالمی سطح پر ملک کا بہترین تشخص اجاگر کیا ہے۔ یہ فتح ہمارے قومی عزم، بہادری اور قربانیوں کی روشن علامت ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج نے تحفظ آزادی کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق میں بھارت کو شکست کے بعد 14 اگست کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا، عظمیٰ بخاری
چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ نے یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کے لیے رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان کی سربراہی میں ایک مرکزی کمیٹی قائم کر دی ہے، جس کا اعلان مرکزی ترجمان مصطفیٰ ملک نے کیا۔
ترجمان کے مطابق، کمیٹی چاروں صوبوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کرے گی۔ 13 اگست کو اسلام آباد میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ ملک بھر کی سیاسی اور سماجی تنظیموں کو ان تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
14 اگست کو مزار قائد کراچی پر مسلم لیگ سندھ کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لاہور، پشاور، کوئٹہ، گلگت اور دیگر بڑے شہروں میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔