گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اچھے بچے ہیں اور اسلام آباد سے ملنے والے تمام کام بروقت مکمل کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف عدم اعتماد کا فیصلہ کرسکتی ہے، فیصل کریم کنڈی
بھٹ شاہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ چاہے قلعہ بالا حصار سے بھاگنا ہو یا ڈی چوک سے، علی امین گنڈاپور ہر ہدایت پر عمل کرتے ہیں اور جب نمبر پورے ہوں گے تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کے 6 سینیٹرز میں سے ایک حلف اٹھانے نہیں آیا، جبکہ باقی 5 میں سے ایک ہمارے ساتھ ہے اور وقت آنے پر ہمارے حق میں ووٹ دےگا۔
گورنر نے یہ بھی کہاکہ یہ لوگ پہلے این آر او دینے سے انکار کرتے تھے، مگر اب ان کو خوابوں میں بھی این آر او نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ وہ صوبائی حکومت گرانے کی سازش میں شامل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کے پی سے دوستی نہیں، فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کو ’کل کا بچہ‘ قرار دیدیا
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت سمیت اپنے سیاسی مخالفین کو چیلنج کر رکھا ہے کہ وہ آئینی طریقے سے خیبرپختونخوا حکومت گرا کر دکھائیں۔