نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمے اور جائیداد کی نیلامی کے فیصلے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹیریٹ اسلام آباد آج بارہ کہو ریونیو سینٹر میں جائیداد کی نیلامی کر رہے ہیں، اس نیلامی کا اشتہار اخبارات میں بھی دیا گیا تھا، اخبار اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ نیلامی اراضی میں ریفرنس نمبر 19/2023 مقدمہ عنوان سرکار بنام عمران احمد خان نیازی وغیرہ، 3 کلب روڈ، اسلام آباد 248 کنال 8 مرلے اور رقبہ 405 کنال 3 مرلے واقع موضع نور تحصیل و ضلع اسلام آباد۔
اخبار میں اشتہار کے بعد سوشل میڈیا اور دیگر حلقوں میں بات کی جا رہی ہے کہ کیا عمران خان کی جائیداد نیلام ہونے جا رہی ہے؟ اس پر وی نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ معاملے کی حقیقت کیا ہے اور کیا عمران خان کی ہی جائیداد نیلام ہونے جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے طبی معائنے کی اجازت دی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
معلوم ہوا کہ نیب کی جانب سے عمران خان کے خلاف نیب ریفرنس نمبر 19/2023 میں عمران خان کے علاوہ فرحت شہزادی المعروف فرح گوگی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا، تاہم چونکہ فرح گوگی مقدمے کی پیروی نہ کرسکی تو عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دے کر ان کی جائیداد کی نیلامی کا فیصلہ دیا تھا، آج بارہ کہو ریونیو سینٹر میں کلب روڈ اسلام آباد میں 248 کنال 8 مرلے اور 405 کنال 3 مرلے واقع موضع نور تحصیل و ضلع اسلام آباد میں جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے وہ دراصل فرحت شہزادی یعنی فرح گوگی کی جائیداد ہے۔

وی نیوز کو بتایا گیا کہ جب بھی کسی اشتہاری ملزم کی جائیداد کی نیلامی کا اشتہار جاری کیا جاتا ہے تو اس اشتہار میں مقدمے کا عنوان ہی لکھا جاتا ہے چونکہ اس مقدمے کا عنوان عمران خان بنام سرکار مقدمہ نمبر 19 / 2023 تھا اس لیے اخبار اشتہار میں بھی یہی نام لکھا گیا اور مقدمہ کے عنوان میں چونکہ فرح گوگی کا نام نہیں تھا اس لیے وہ نام اخبار اشتہار میں نہیں لکھا گیا۔














