ایپل کی آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز ستمبر میں کسی تاریخ کو متعارف کرائے جائیں گے، اس سیریز میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس کے ساتھ ایک بالکل نیا اور انتہائی پتلا ماڈل ’آئی فون 17 ایئر‘ بھی شامل ہوگا۔
کمپنی نے ابھی تک نئے ماڈلز کی لانچنگ کی باضابطہ تاریخ جاری نہیں کی، تاہم ان ڈیوائسز سے متعلق لیکس کئی ماہ سے گردش میں ہیں، اور بظاہر ایسا کچھ خاص نہیں جو صارفین کو حیران کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فولڈ ایبل آئی فون 17 ایئر کب لانچ ہوگا، خصوصیات کیا ہیں؟
صارفین کے ذہنوں میں سب سے زیادہ یہ سوال گردش کررہا ہے کہ ان فونز کی قیمتیں کیا ہوں گی۔ اس حوالے سے تازہ ترین لیک میں آئی فون 17 سیریز کے مختلف ماڈلز کی متوقع قیمتیں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سیریز کے انٹری ماڈل آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالرز سے شروع ہوگی، جو کہ گزشتہ سال کے آئی فون 16 کی قیمت کے برابر ہے، یعنی اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ تاہم باقی تینوں ماڈلز کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہوگا۔
آئی فون 16 پرو کی قیمت 999 ڈالرز تھی، مگر آئی فون 17 پرو کا آغاز 1049 ڈالرز سے ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح آئی فون 16 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالرز تھی، جبکہ 17 پرو میکس 1249 ڈالرز سے شروع ہوگا۔ نیا آئی فون 17 ایئر 949 ڈالرز میں دستیاب ہوگا، جو آئی فون 16 پلس سے 50 ڈالرز زیادہ مہنگا ہے۔
قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت اور چین پر عائد کردہ ٹیرف کو قرار دیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کے نئے آئی فونز کا باضابطہ اعلان ممکنہ طور پر 9 یا 10 ستمبر کو ایک خصوصی ایونٹ میں کیا جائے گا۔ اس سال کے آئی فونز میں کئی اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ سب سے بڑی تبدیلی بیک کیمرا ڈیزائن میں ہوگی، جسے 2020 میں آئی فون 11 کے بعد پہلی بار مکمل طور پر نیا روپ دیا جا رہا ہے۔
اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کرکے ایک نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا جو گوگل پکسل کے ’پل کیمرا بار‘ سے مشابہ ہوگا۔
اسی طرح فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی، مزید تیز میگ سیف چارجنگ ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی اور فونز میں نیا اے 19 چپ سیٹ شامل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی آئی فون کے بعد اسمارٹ فونز اور یورپی یونین پر بھی اضافی ٹیکس کی دھمکی
آئی فون 17 ایئر جو آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا، کمپنی کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ہوگا۔ اس کے بیک پر ایک ہی کیمرا دیا جائے گا جو ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔ فیچرز کے لحاظ سے یہ ماڈل اسٹینڈرڈ ورژن سے نمایاں فرق نہیں رکھتا، لیکن اپنے منفرد پتلے ڈیزائن کی بدولت یہ صارفین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔