پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو غیر سنجیدہ اور گمراہ کن قرار دے دیا

پیر 11 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی آرمی چیف سے منسوب بیانات پر رد عمل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ اور حقائق کو مسخ کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی قیادت کے حالیہ مخالفانہ ریمارکس ایک گہری پریشان کن ذہنیت کے عکاس ہیں، پاکستان

دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے بیانات ایک مرتبہ پھر ان کی عادت بن چکی غلط بیانی اور سیاق و سباق سے ہٹ کر بات کرنے کی مثال ہیں۔ ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے ’نیوکلئر بلیک میلنگ‘ کے الزامات بے بنیاد، گمراہ کن اور خود ساختہ بیانیہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے خلاف ہے اور ہمیشہ برداشت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت کو کسی سنجیدہ سوال یا مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو وہ اشتعال انگیز بیانات اور جنگی جنون پر مبنی رویہ اپناتا ہے جو غیر منطقی الزامات کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

مزید پڑھیے: پہلگام حملہ انتخابی ڈرامہ، سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے مودی سازش بے نقاب کردی

ترجمان نے مزید واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے، جس کے پاس مکمل سویلین کنٹرول کے تحت ایک مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام موجود ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایسے حساس معاملات پر ضبط اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔

بیان میں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے عالمی سطح پر تسلیم شدہ کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دفاعی دیوار ہیں، اور بھارت کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی بے بنیاد الزام تراشی غیر ذمہ دارانہ اور ثبوت سے عاری ہے۔

پاکستان نے بھارت کی طرف سے تیسرے ممالک کا بے جا حوالہ دینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اسے ایک غیر ضروری دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش اور سفارتی خود اعتمادی کی کمی قرار دیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا کی انڈیا سمیت دنیا بھر میں ساکھ صفر ہوگئی، فیک نیوز واچ ڈاگ کی رپورٹ جاری

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے جارحانہ اور جنگجویانہ طرزِ عمل کے برعکس، ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی برادری میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ تاہم اگر بھارت نے پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی تو اس کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp