پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اداکارہ ہانیہ عامر کی حالیہ ویڈیو سامنے آنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں کراچی کی سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل پر سفر کرتے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں وہ تیز رفتار موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر کھڑی ہو کر رقص کرتی بھی دیکھی گئیں۔ جبکہ موٹرسائیکل چلانے والے شخص نے بھی ہیلمٹ نہیں پہنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ کے پاس درست معلومات نہیں‘، وسیم اکرم سے طلاق کی خبروں پر اہلیہ شنیرا کا ردعمل
وسیم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ہانیہ عامر کی اس ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو خطرناک اور غیر محتاط رویے کو فروغ دیتی ہے۔ مشہور شخصیات کو چاہیے کہ وہ اپنے فالوورز پر مثبت اثر ڈالیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے لکھا کہ میں کئی سالوں سے اسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر یہ کوشش کر رہی ہوں کہ کیسے پاکستان کے نوجوانوں کو ہیلمٹ پہننے اور محفوظ طریقے سے بائیک چلانے کی ترغیب دی جائے، لیکن یہ منظر میرے دل میں خنجر کی طرح لگا ہے۔
شنیرا نے لکھا کہ مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگ رہا کہ میں ایک ایسی فنکارہ کے بارے میں بات کر رہی ہیں جن کے انسٹاگرام پر 1 کروڑ 90 لاکھ فالوورز ہیں، لیکن اگر اس پوسٹ سے انہیں اپنی غلطی کا اندازہ ہو جائے تو اس سے بہتر ان کے لیے کچھ نہیں ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ہانیہ عامر سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے، میرا صرف یہی مقصد ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھیں، اس بات کا احساس کریں کہ یہ رویہ درست نہیں ہے، اور اپنے مداحوں کو یہ پیغام دیں کہ وہ ایسے رویے سے گریز کریں۔