بالی وُڈ کی کلاسک فلم شعلے 15 اگست کو اپنی ریلیز کے 50 سال مکمل کرنے جا رہی ہے۔ یہ فلم نہ صرف ہندی سنیما کی تاریخ کی یادگار ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے بلکہ اس کے تمام کردار — چاہے جے ہو، ویرو، گبر، ٹھاکر یا بسنتی — عوامی ثقافت کا حصہ بن چکے ہیں۔
فلم شعلے ہیما مالنی اور دھرمیندر کے لیے ایک خاص مقام رکھتی ہے، کیونکہ جس طرح ویرو اور بسنتی کے درمیان اسکرین پر چنچل کیمسٹری نظر آتی تھی، اسی طرح شوٹنگ کے دوران حقیقی زندگی میں بھی دونوں کے درمیان محبت کا رشتہ پروان چڑھ رہا تھا۔ ہیما کے مطابق، اس آف اسکرین رومانس نے فلم میں ان کے مناظر کو مزید دلکش اور جاندار بنا دیا، جسے ناظرین نے بھی محسوس کیا۔
یہ بھی پڑھیے ایشا دیول کی پیدائش کے وقت دھرمیندر نے ہیما مالنی کے لیے پورا اسپتال کیوں بک کرایا تھا؟
دھرمیندر اور ہیما مالنی نے شعلے سے پہلے اور بعد میں بھی کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 42 فلموں میں کام کیا جن میں تم حسین میں جوان، سیتا اور گیتا، اور علی بابا اور 40 چور شامل ہیں۔ تاہم شعلے، جسے رمیش سپی نے ڈائریکٹ کیا، ایک غیر معمولی کاسٹنگ کا شاہکار تھا، جس میں امیتابھ بچن، جیا بچن، سنجیو کمار اور امجد خان جیسے بڑے اداکار بھی شامل تھے۔
ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ شعلے کا تجربہ ان کی زندگی کے سب سے خوبصورت اور یادگار لمحات میں سے ایک ہے، جہاں ایک طرف فلم کا جادو تخلیق ہو رہا تھا، تو دوسری طرف ان کی اپنی زندگی میں ایک نئی محبت کی کہانی بھی جنم لے رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے ہیما مالنی کا بالی ووڈ میں صنفی عدم مساوات پر تحفظات کا اظہار
واضح رہے کہ دھرمیندر اور ہیما مالنی نے 1980 میں شادی کرلی۔ ہیما مالنی دھرمیندر کی دوسری بیوی تھیں۔ اس وقت دھرمیندر کے 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں تھیں۔ ہیما مالنی کے بطن سے بھی 2 بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ دھرمیندر کے 2 بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول بھی بالی ووڈ کے معروف اداکار بنے۔