اسلام آباد پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے، جس کے تحت 4 ہزار سے زیادہ افسران اور اہلکار شہر کے مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ پولیس کے مطابق اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں جہاں گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق جشن آزادی تقریبات، اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی پلان کے تحت شہر میں ہلڑبازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیرقانونی اقدامات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اس حوالے سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسلام آباد کی اہم شاہراہوں اور گلیوں میں پیٹرولنگ کے لیے خصوصی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں، جب کہ شہریوں اور ان کے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے ہر طرح کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس افسران یوم آزادی کے موقع پر فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی امور کی نگرانی کریں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ یوم آزادی کے اہم پروگراموں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے تاکہ شہری بغیر کسی رکاوٹ کے تقریبات میں شریک ہو سکیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یوم آزادی جوش و جذبے سے منائیں، لیکن دوسروں کا خاص خیال رکھیں اور قوانین کی پابندی کریں۔
ترجمان کے مطابق والدین سے خصوصی گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی غیرقانونی سرگرمی سے دور رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ون ویلنگ کرتے نوجوان کی ویڈیو وائرل، ’اسلام آباد پولیس انہیں نشان عبرت بنائے‘
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اس خوشی کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن ’پکار 15‘ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔














