خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت میں طوفانی بارشوں سے تباہی، 200 سے زیادہ اموات، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

جمعہ 15 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں اب تک 200 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ ہلاکتوں اور نقصان کی اصل تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تاحال نہیں پہنچ سکیں۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان شدید سیلابی صورتحال کی زد میں، صاف پانی ناپید، وبائی امراض پھیلنے لگے

صرف ضلع بونیر میں 120 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتا ہیں۔ کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے طوفانی سیلاب نے کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹا دیے، گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں، مویشی اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ بونیر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور انتظامیہ نے فوری امدادی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

سوات میں دریا بپھر کر راستے میں آنے والی ہر چیز کو تنکوں کی طرح بہا لے گیا۔ مینگورہ سے گزرنے والی ندی کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے، جس سے آمدورفت معطل ہوگئی۔

ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام کے علاقے سے نکالی گئیں۔ بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کے اضلاع کو حکومت نے آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے طوفانی سیلابی ریلے نے درجنوں مکانات تباہ کر دیے، رابطہ سڑکیں اور پل پانی کی نذر ہوگئے، جس سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کے لیے جانے والا خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی حادثے کا شکار ہوگیا، جو گر کر تباہ ہوگیا۔ اس سانحے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔ صوبائی حکومت نے اس سانحے پر کل صوبے بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مطابق سالارزئی میں امدادی سامان لے جانے والے ہیلی کاپٹر کا خراب موسم کے باعث مہمند کی فضائی حدود میں رابطہ منقطع ہوگیا تھا، جبکہ کے پی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر بونیر میں ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی سیلابی ریلوں نے مختلف وادیوں میں شدید تباہی مچائی۔ چلاس کے اوچھار نالے میں کئی افراد پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے، جبکہ بعض نے درخت کے تنے کو پکڑ کر جان بچائی۔ بارشوں نے فصلوں، مکانات، باغات، رابطہ پلوں اور واٹر چینلز کو بھی تباہ کر دیا۔

استور میں سیلاب کے باعث تیار فصلیں، دکانیں، درخت اور متعدد موٹرسائیکلیں پانی میں بہہ گئیں۔ شاہراہِ قراقرم بند ہونے سے گلگت اور راولپنڈی کے درمیان زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔ اسکردو میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سدپارہ ڈیم کا واٹر چینل سیلابی ریلے میں بہہ گیا اور متعدد پاور ہاؤسز بند ہوگئے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلوں نے دریا پر قائم 6 رابطہ پل تباہ کر دیے، جس کے باعث آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔ مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رتی گلی جانے والی سڑک کے متعدد مقامات بہہ جانے کے باعث بیس کیمپ میں پھنسے 800 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کشمیر کو راولپنڈی سے ملانے والی شاہراہِ کوہالہ اور شاہراہِ نیلم کئی مقامات پر بند ہوگئیں۔ سری نگر-مظفرآباد سیکشن اور لیپہ-مظفرآباد شاہراہ بھی مٹی کے تودے گرنے سے معطل ہوگئیں۔

آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں اور تباہ کن حالات کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 2 روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور بحالی کے کاموں میں رکاوٹ نہ آئے۔

وزیراعظم کی این ڈی ایم اے کو امدادی سرگرمیوں کی ہدایت

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت سے رابطہ کرکے بھرپور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم سے چیئرمین این ڈی ایم اے کی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کی ملاقات ہوئی ہے، اس موقع پر چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ویڈیو لنک پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت دی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

سوات اور باجوڑ میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری

پاک فوج نے سوات اور باجوڑ سمیت سیلابی صورتحال سے متاثرہ اضلاع میں فلڈ ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے، جس میں فوج کی خصوصی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔

آئی جی ایف سی نارتھ کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن میں مصروف ہے، جو متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد متاثرہ آبادی تک پہنچائی جا رہی ہے۔

پاک فوج کے اہلکار سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، تاکہ ان کی جانوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: ہنزہ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، فصلیں تباہ، رہائشی مکان متاثر

پاک فوج کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے اور انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے تک فلڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

انتھروپک کا اپنے جدید ماڈل کلاڈ سونیٹ 4.5 جاری، دیگر اے آئی ماڈلز کو چیلنج

غزہ امن منصوبے پر پی ٹی آئی نے ردعمل دے دیا، فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

گھریلو صارفین کے لیے خوشخبری، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی

کراچی میں ایک گھنٹے کی بارش نے سب کچھ ڈبو کر رکھ دیا، انتظامیہ غائب

پی ٹی آئی کے پشاور جلسے میں بدانتظامی کی وجہ جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

ویڈیو

’صدر ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے میں پاکستان نے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے‘

ٹرینوں کا اوپن آکشن: نجکاری یا تجارتی حکمت عملی؟

نمک منڈی میں چپلی کباب نے بھی جگہ بنالی

کالم / تجزیہ

غزہ کے لیے مجوزہ امن معاہدہ: اہم نکات، مضمرات، اثرات

کھیل سے جنگ

یہ حارث رؤف کس کا وژن ہیں؟