برطانیہ کی 10 سالہ بچی بودھانا سیوانندن نے شطرنج کی تاریخ میں نیا باب رقم کرتے ہوئے کسی گرینڈ ماسٹر کو شکست دینے والی کم عمر ترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اتوار کے روز لیورپول میں ہونے والی 2025 برٹش چیس چیمپیئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں بودھانا نے 60 سالہ گریینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں: مصنوعی ذہانتوں کے بیچ شطرنج ٹورنامنٹ: اوپن اے آئی نے فائنل میں گروگ کو شکست دے کر مقابلہ جیت لیا
بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (فیڈے) کے مطابق بودھانا کی عمر اس وقت 10 سال، 5 ماہ اور 3 دن ہے، جس سے اس نے امریکی کھلاڑی کاریسا یِپ کا 2019 میں بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا، جو اس وقت 10 سال، 11 ماہ اور 20 دن کی تھیں۔
اس کامیابی کے بعد بودھانا نے ویمن انٹرنیشنل ماسٹر کا درجہ حاصل کر لیا، جو خواتین کے لیے مخصوص ویمن گریینڈ ماسٹر ٹائٹل سے ایک درجہ کم ہے۔ شطرنج کا سب سے اعلیٰ ٹائٹل گریینڈ ماسٹر ہے، جو اس وقت عالمی چیمپئن گوکیش دوما راجو اور عالمی نمبر 1 میگنس کارلسن جیسے کھلاڑیوں کے پاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی شاطر کو شطرنج کی بساط پر مات، مراد علی شاہ کے مقابلے میں مہک مقبول فاتح
بودھانا کے والد نے 2024 میں بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان کے خاندان میں پہلے کوئی بھی شطرنج میں ماہر نہیں رہا۔ بودھانا نے خود بتایا کہ اس نے کووڈ وبا کے دوران پانچ سال کی عمر میں کھیل سیکھا، جب اس کے والد کے دوست نے کھلونوں اور کتابوں کا تحفہ دیا، جن میں ایک شطرنج بورڈ بھی شامل تھا۔