پاکستان کے شمالی علاقوں میں بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر ہوئے جانی و مالی نقصان پر صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں سیلابی ریلے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع دلخراش اور افسوسناک سانحہ ہے۔ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کو صحت کاملہ دے اور شہدا کو جنت الفردوس عطا فرمائے۔ آمین۔
یہ بھی پڑھیں:ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
نواز شریف نے متعلقہ حکام سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد اور بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی بھی اپیل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔
سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں ہوا، جہاں متعدد دیہات متاثر ہوئے اور بنیادی ڈھانچہ شدید نقصان سے دوچار ہوا۔