قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26 کے معاملے پر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
یہ سینٹرل کنٹریکٹ کے 3 سالہ فنانشل ماڈل کا آخری سال ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:جیتی ہوئی 3 پی ایس ایل ٹرافیز کے ساتھ شاہین آفریدی کی تصویر وائرل
نجی چینل کے رپورٹر سہیل عمران کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ رد و بدل ’ڈی کیٹیگری‘ میں متوقع ہے، جس کے نتیجے میں کئی کھلاڑیوں کی چھٹی ہو سکتی ہے، جبکہ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تینوں فارمیٹس سے باہر ہو چکے کھلاڑی فہرست سے یقینی طور پر خارج کر دیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حسن نواز، محمد حارث، صفیان مقیم، حسن علی، فہیم اشرف اور فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
اسی طرح حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد نواز اور صاحبزادہ فرحان کے ناموں پر بھی مشاورت جاری ہے، اور ان کی شمولیت کے امکانات رد نہیں کیے جا سکتے۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ مستعفی ہوگئے
ادھر بعض نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر جمال، محمد حریرہ، حسیب اللہ عثمان خان اور محمد علی کا سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں پی سی بی کے قریبی ذرائع کہا گیا ہے کہ کوچز، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس، فنانس اور انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹس کے ساتھ مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور جلد فہرست سامنے آ جائے گی۔














