وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے ہمیں بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی، مسلح افواج نے ایک اسٹریٹیجی سے جنگ لڑی۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بہت سے واقعات کا عینی شاہد رہا ہوں، میں خاموش اور پسِ پردہ مجاہدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ان کا ذکر ہمیشہ کم ہوتا ہے، اس جنگ میں ہمیں اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد بھی حاصل تھی۔ بھارت نے ہمارے ایک ایئر بیس پر سات میزائل فائر کیے، ہمیں پتا چل گیا کہ یہ پاکستان کی طرف آ رہے ہیں اور کس بیس کی طرف جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا محسن نقوی وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں؟ اسحاق ڈار نے بتا دیا
محسن نقوی نے کہا کہ سب لوگ پریشان ہوگئے کہ یہ میزائل جس بیس کی طرف جا رہے ہیں وہ بہت اہم ایئر بیس ہے، ہمارے کئی قیمتی اثاثے وہاں موجود ہیں، لیکن ان سات میزائلوں میں سے ایک بھی ایئر بیس کے اندر جا کر نہیں گرا۔ دوسری بات یہ کہ ہماری پوری کوشش رہی کہ ہم بھارت کو یہ موقع نہ دیں کہ وہ ڈراما کرسکے کہ سول افراد زخمی ہوئے یا سویلین مارے گئے۔ ہم نے جس ایئر بیس پر میزائل فائر کیے وہ آبادی کے قریب تھا، ہمیں فکر ہوئی کہ سویلینز نہ مارے جائیں، بھارت کا آئل ڈپو تباہ ہوگیا اور کوئی سویلین ہلاکت نہیں ہوئی۔
ہم پر دنیا کا دباؤ تھا کہ آپ نے پہلے ہی بھارت کے جہاز گرا دیے ہیں، مزید بھارت پر حملہ نہ کریں۔ لیکن اس کے باوجود فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے سارا دباؤ برداشت کیا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ، محسن نقوی pic.twitter.com/HFoiZ8g2Ic
— WE News (@WENewsPk) August 17, 2025
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف بہت باتیں کرتے ہیں، بھارت سے جنگ کے دوران ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بہترین کام کیا، بھارت کی ہر پلاننگ ہمارے پاس پہلے پہنچ جاتی تھی۔ بھارتی جہاز گرانے پر فیصلہ کیا ویڈیو آنے سے پہلے اعلان نہیں کریں گے، جب ان کے جہاز گرے تو ان کے ثبوت ہمارے پاس ان کے میڈیا سے پہلے آگئے، ہمارے پاس 6 جہازوں کے گرنے کے ثبوت موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو ایک اور ناکامی، محسن نقوی کی قیادت میں اے سی سی کا کورم مکمل، اہم اجلاس آج ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بہت ساری تنصیبات ہمارے ٹارگٹ پر تھیں جو ہم آسانی سے تباہ کرسکتے تھے، ہم نے ان کے 36 کے قریب اہداف ٹارگٹ کیے اور تمام کے تمام کامیاب ثابت ہوئے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے ہمیں جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ گواہی دے سکتا ہوں کہ فیلڈ مارشل نے جنگ میں بہترین قیادت کی۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے اور ہماری سیکیورٹی فورسز کے خلاف مزموم کارروائیاں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے متحد ہو کر ایک اسٹریٹیجی سے جنگ لڑی، دوسری طرف انڈین ایئرفورس چیف مودی سے علیحدہ مل رہا تھا، آرمی چیف علیحدہ مل رہا تھا، نیول چیف علیحدہ مل رہا تھا، اور وہ آپس میں اتنے دور تھے جس کا نتیجہ انہوں نے خود دیکھ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اجیت دوول اور امت شاہ اصل میں پورے ڈرامے کے پیچھے تھے، یہ دونوں خود بھی ڈوبیں گے اور مودی کو بھی لے ڈوبیں گے۔














