پنجاب کے ضلع لودھراں میں کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 11 زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں بہاولپور ریفر کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں ریلوے آپریشن معطل، متعدد ٹرینیں منسوخ
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا۔ انہوں نے سات روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
وزیر ریلوے نے حادثے کے مقام کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا اور متعلقہ حکام کو پٹڑی کی فوری بحالی کی ہدایت کی تاکہ ریلوے آپریشن معمول پر لایا جاسکے۔
پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز نے کل ایمرجنسی اجلاس طلب کرلیا ہے جس کی صدارت وزیر ریلوے کریں گے۔ دوسری جانب باقی مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: جعفر ایکسپریس ٹریک پر دھماکا، 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ریلوے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چند روز قبل خانپور کے قریب پشاور جانے والی عوام ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں جبکہ ملتان جانے والی موسیٰ پاک ایکسپریس بھی حادثے کا شکار ہوئی۔ رواں ماہ کے آغاز میں اسلام آباد ایکسپریس بھی کالا شاہ کاکو کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 29 افراد زخمی ہوئے اور پٹڑی سمیت ٹرین کو شدید نقصان پہنچا۔














