وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور جاب فیئر کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشی اصلاحات کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں اور پرائیویٹ سیکٹر ہی ملک کو لیڈ کر سکتا ہے۔
کراچی میں پاکستان ہندو کونسل کے زیرِ اہتمام جاب فیئر اور ایجوکیشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی کمی دیکھی جا رہی ہے، اس لیے سرکاری اور پرائیویٹ ادارے جاب فیئر میں موجود ہیں تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لا سکیں۔
وزیر خزانہ نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ٹیلنٹ اور مہارتوں کو فروغ دیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات، تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق
جاب فیئر میں مختلف سرکاری اور پرائیویٹ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ جاب فیئر میں کیریئر کونسلنگ سیشنز، مہارتوں کی ترقی کے لیے ورکشاپس اور بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے لیے رہنمائی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔