گوگل ڈاکس نے جیمینی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے ایک نیا اور جدید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے دستاویزات کی آڈیو ورژن تیار کر سکیں گے۔
یہ فیچر رواں سال کے آغاز میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب باضابطہ طور پر ویب پر لانچ کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو مزید سہل اور دلچسپ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل کا کروم بُک کے لیے اسٹیم سپورٹ ختم کرنے کا اعلان
اس فیچر تک رسائی کے لیے صارفین کو گوگل ڈاکس میں ٹولز مینو کھولنا ہوگا، جہاں اب آڈیو کا آپشن شامل کیا گیا ہے۔ اس پر کلک کرنے کے بعد ایک پل-شیپڈ پلیئر کھلتا ہے جس پر دستاویز کی مدت بھی لکھی ہوتی ہے۔ اس پلیئر میں پلے اور پاز کے ساتھ ساتھ اسکرَبَر کے آپشنز بھی دیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ صارفین اپنی پسند کے مطابق رفتار تبدیل کرنے کے علاوہ حقیقت کے قریب مختلف آوازوں کا انتخاب بھی کر سکیں گے۔
گوگل ڈاکس نے اس فیچر میں مختلف آوازوں کا انتخاب شامل کیا ہے اور صارفین اپنی دستاویز کو مختلف انداز میں سن سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کے پاس یہ سہولت بھی موجود ہے کہ وہ کسی بھی دستاویز میں آڈیو بٹن شامل کر سکیں تاکہ دوسرے قارئین براہِ راست دستاویز کو سن سکیں۔
یہ بھی پڑھیے: نومولود اے آئی پرپلیکسٹی کی 3 ارب صارفین رکھنے والا گوگل کروم خریدنے کی حیران کن پیشکش
یہ فیچر فی الحال صرف انگریزی زبان اور ویب ورژن میں دستیاب ہے اور آج سے اس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گوگل ڈاکس نے اینڈرائیڈ ایپ کے لیے بھی ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین کو تصاویر بنانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔