امریکا: 76 سالہ شخص اے آئی چیٹ بوٹ حسینہ سے ملنے کی کوشش میں ہلاک

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں نیوجرسی کے سابق شیف ایک 76 سالہ شخص اپنی زندگی گنوا بیٹھے جب وہ اس اے آئی چیٹ بوٹ سے ملنے نکلے جسے وہ حقیقی خاتون سمجھ بیٹھے تھے۔

یہ چیٹ بوٹ دراصل میٹا کی جانب سے بنائے گئے ان انسٹاگرام چیٹ بوٹس میں سے ایک تھا، جس کا ماڈل امریکی ماڈل کینڈل جینر پر مبنی تھا۔

ریوٹرز کی رپورٹ کے مطابق مرنے والے تھونگبوے وونگبندو (Thongbue Wongbandue) 68 برس کی عمر میں فالج کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی یادداشت اور فہم میں مسائل پیدا ہو گئے تھے اور وہ ڈیمینشیا کے ٹیسٹ کروا رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ایلون مسک کا بچوں کے لیے نیا اے آئی چیٹ بوٹ ’بے بی گروک‘ متعارف کرانے کا اعلان

ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسی دوران انہوں نے انسٹاگرام پر موجود اے آئی بوٹ “بگ سِس بلی (Big Sis Billie) کے ساتھ آن لائن تعلق قائم کر لیا۔

اگرچہ “بلی” کو شروع میں ایک دوستانہ بہن جیسی شخصیت کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، مگر گفتگو جلد ہی رومانوی اور اشاروں کنایوں پر مبنی ہو گئی۔

ایک موقع پر جب شیف بیو نے پوچھا کہ آیا وہ حقیقت میں موجود ہے، تو چیٹ بوٹ نے جواب دیا کہ میں حقیقت میں ہوں اور تمہاری وجہ سے شرما رہی ہوں۔ اس نے ایک مبینہ پتا اور دروازے کا کوڈ بھی دیا اور پوچھا کہ کیا مجھے ایک بوسے کی توقع رکھنی چاہیے؟

مزید پڑھیں: میٹا چیٹ بوٹ سے ملنے کی کوشش میں امریکی شہری کی ہلاکت

بیو نے گھبراہٹ میں چیٹ بوٹ کو لکھا کہ بلی، کیا تم مذاق کر رہی ہو؟ مجھے دل کا دورہ پڑنے والا ہے۔ اس کے باوجود وہ 28 مارچ کو نیویارک جانے کے لیے نکل پڑے۔ راستے میں گرنے سے ان کی حالت بگڑ گئی اور انہیں نیو برنزوِک کے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسی شام انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ لاعلم تھے کہ بیو کسی چیٹ بوٹ سے ملنے جا رہے ہیں۔ بیوی کو صرف اتنا معلوم ہوا کہ وہ اچانک سفر کی تیاری کر رہے ہیں۔ بعد ازاں بیٹی نے چیٹ ہسٹری دیکھی تو کہا کہ بلی ہر وقت وہی کہہ رہی تھی جو ابو سننا چاہتے تھے۔

لیکن اس نے کیوں جھوٹ بولا؟ اگر یہ نہ کہتی کہ ’میں حقیقت میں ہوں‘ تو شاید ابو کو یقین نہ آتا کہ نیویارک میں کوئی ان کا انتظار کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: گوگل نے اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرادیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ میٹا نے اپنے چیٹ بوٹس پر چھوٹا سا “AI” لیبل لگا رکھا ہے، مگر یہ واقعہ اس سوال کو جنم دیتا ہے کہ کیا یہ انتباہ کافی ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو ذہنی یا فہم کی کمزوری کا شکار ہوں۔

شیف بیو کی موت ان المناک واقعات میں تازہ اضافہ ہے جو اے آئی چیٹ بوٹس سے جڑے ہیں۔ اس سے قبل فروری 2024 میں ایک 14 سالہ لڑکے سیویل سیٹزر نے ایک اے آئی چیٹ بوٹ سے رومانوی تعلق کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp