کراچی میں بارش رکنے کے باوجود فلائٹس آپریشن بحال کیوں نہ ہوسکا؟

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں موسلا دھار بارش اور شہر کی غرقابی کو گھنٹوں گزرنے کے باوجود جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کا شیڈول معمول پر بحال نہیں کیا جاسکا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر ملکی اور غیرملکی پروازیں متاثر جبکہ بعض منسوخ بھی ہوئی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بارش اور خراب موسم کے باعث 8 پروازیں منسوخ جبکہ 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، اسکردو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 456 لینڈ نہ کرسکی اور اسے متبادل ایئرپورٹ کی جانب روانہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:’وقت اور پیسے دونوں کی بچت‘، ایئر ایشیا نے کراچی کے لیے سستی اور براہ راست فلائٹس کا اعلان کردیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلائٹ آپریشن کے لیے یوں تو ایئرپورٹ ہر لحاظ سے دستیاب ہے تاہم تمام ملکی اور غیرملکی ایئرلائنوں کی فلائٹ میں تاخیر اور منسوخی کی بڑی وجہ ان ایئرلائنوں کا کم از کم طیاروں کے ساتھ آپریٹ کرنا ہے کیونکہ ایک پرواز کی بھی معطلی کے باعث پورا فلائٹ آپریشن ہی متاثر ہوجاتا ہے۔

اسی طرح دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 335 کو کراچی کے بجائے ملتان بھیجا گیا، کراچی سے اسلام آباد کی 4 پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی جبکہ جدہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور کولمبو سے آنے والی پروازیں بھی وقت پر لینڈ نہ کرسکیں۔

مزید پڑھیں:نجی ایئرلائن کی سنگین غفلت، کراچی جانے والا مسافر بنا دستاویز جدہ پہنچا دیا

کراچی سے مدینہ، دبئی، پشاور، ٹورنٹو، جدہ کی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے تاخیر ہوئی، قومی ائیرلائنز کی کراچی سے کوئٹہ کی 2 پروازیں پی کے 310 اور 311 منسوخ کر دی گئیں،کراچی اسلام آبادکی قومی ایئر کی 2 پروازیں پی کے 308 اور 309 بھی منسوخ کردی گئیں، کراچی سے دبئی کی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp