تربیلا ڈیم بھر گیا، چھلکنے سے پہلے سپیل وے کھول دیے گئے

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ترین مقام کے قریب پہنچ چکی ہے اور ڈیم بھرنے میں صرف ایک فٹ کی گنجائش باقی رہ گئی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح اس وقت 1549 فٹ ہے جبکہ فل لیول 1550 فٹ ہے۔ پانی کی آمد 2 لاکھ 84 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 54 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈیم کے سپیل وے ایک بار پھر کھول دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں دریائے سندھ کے مقام تربیلا پر درمیانے درجے کا سیلاب پیدا ہوگیا ہے۔

انتظامیہ کا ردعمل

سیلابی صورتحال کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر فصیح عباسی نے ہری پور کی آبی گزرگاہوں کا ہنگامی بنیادوں پر معائنہ کیا اور لوگوں کو آگاہ کیا کہ ’سپیل وے کے راستے پر آنے والے ماہی گیر اور مویشی پال افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔‘

ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سیاحوں و مقامی افراد سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں تربیلا اور منگلا ڈیم کی صورتحال، دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کا بہاؤ

دوسری طرف واپڈا کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تربیلا ڈیم 99 فیصد بھر چکا ہے، موجودہ لیول 1549.00 فٹ ہے۔

منگلا ڈیم 74 فیصد بھر چکا ہے، پانی کی سطح 1216.55 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ راول ڈیم میں پانی کا لیول 1749.40 فٹ اور خانپور ڈیم میں 1978.10 فٹ ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی اصل وجوہات کیا ہیں؟

دریائے سندھ میں چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ تربیلا، کالا باغ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے کابل میں نوشہرہ اور ملحقہ نالوں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور بید سلیمانکی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے جہلم اور اس سے منسلک نالوں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کا اعلان، بجلی بحال کرنے کی ہدایت

دریائے چناب کے اہم مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ ملحقہ نالوں “ایکانور” اور “پلکھو” میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے راوی میں بہاؤ عمومی ہے تاہم نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔

ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی برساتی نالوں اور رود کوہیوں میں بہاؤ نہیں ہے، صرف نالہ کاہا میں پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp