سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سب کو معاوضہ ملے گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 37واں اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس کا آغاز سیلاب میں جاں بحق افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کی دعا سے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ: کراچی، حیدرآباد، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

کابینہ کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات، ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں اور محکموں نے بروقت اور مؤثر انداز میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا ہے، تاہم لاپتا افراد کی تلاش اب بھی جاری ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی جاری ہے، کسی متاثرہ شخص کو محروم نہیں رکھا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں مراکز صحت فوری طور پر فعال کیے جائیں، موبائل اسپتال فراہم کیے جائیں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ وبائی امراض کے خدشے سے نمٹا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا: وزیراعظم شہباز شریف بونیر پہنچ گئے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مال مویشیوں کے لیے چارہ فراہم کیا جائے اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کیے جائیں۔

صفائی کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے اور پینے کے پانی کے ذرائع جیسے ٹیوب ویلز کی فوری بحالی کی بھی ہدایت کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تباہ شدہ گھروں کی تعمیر، لائیو اسٹاک کے نقصانات کا ازالہ اور متاثرہ کاروباروں کے لیے خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔

متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مزید افسران تعینات کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ عوام کی طرف سے حکومت سے رابطے اور عطیات کی پیشکش کے پیش نظر ایک خصوصی اکاؤنٹ قائم کیا جا رہا ہے تاکہ امداد شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچ سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے پہلے سے مختص تین ارب روپے کے علاوہ مزید دو ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp