لاہور کی سیشن عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کر لی، عروب جتوئی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے جوئے کی تشہیر کے مقدمے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شاملِ تفتیش کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی آن لائن جوے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار، ایف آئی آر درج
عروب جتوئی نے گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفریاب نے ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 اگست تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عرفان کلیار نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے انکوائری نوٹس جاری کیا ہے اور خطرہ ہے کہ گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ تفتیش میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں، لہٰذا انہیں گرفتاری سے تحفظ دیا جائے۔
مزید پڑھیں:یوٹیوبر ڈکی بھائی کو کتنے سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے؟
یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کو گرفتار کرنے کے بعد دیگر یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف آن لائن جوئے اور غیرقانونی بیٹنگ ایپس کی تشہیر کے الزام میں کارروائی شروع کر رکھی ہے، جس میں کئی معروف ناموں کو طلب کیا گیا ہے۔