اسٹاک ایکسچینج مندی کا شکار، 100 انڈیکس 1,900 پوائنٹس گر گیا

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ابتدائی خریداری کے رجحان کے بعد جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج  میں مندی کا رجحان غالب رہا اور منافع کے حصول کی خاطر کی جانے والی فروخت نے دن بھر کے تمام اضافے کو زائل کردیا جب دورانِ کاروبار بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریباً 1,900 پوائنٹس گر گیا۔

دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر 100 انڈیکس 148,703.10 پوائنٹس پر تھا، جو کہ 1,887.90 پوائنٹس یا 1.25 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے، بعض ماہرین کے نزدیک اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کے بعد کچھ منافع بکنگ ہونا ایک فطری عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم، 100 انڈیکس پہلی بار 150,000 کی سطح عبور کرگیا

ماہرین کے مطابق یہ کمی بنیادی طور پر حالیہ تیزی کے بعد منافع کے حصول کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر مارکیٹ کا رجحان مثبت ہے کیونکہ کارپوریٹ نتائج کے سیزن اور گردشی قرضے کے ممکنہ حل سے سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی بلندی حاصل کی تھی اور کے ایس ای 100 انڈیکس اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح 150,591 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو کہ 820 پوائنٹس یا 0.55 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ بہت جلد بڑا سنگ میل عبور کرے گی، وجوہات کیا ہیں؟

عالمی مارکیٹوں میں جمعرات کو ملا جلا رجحان رہا۔ جاپان کا نکی انڈیکس 0.6 فیصد گر گیا جبکہ جنوبی کوریا کا کاسپی 0.9 فیصد بڑھا۔ آسٹریلیا کی مارکیٹ نے 0.6 فیصد اضافہ کیا اور نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ چین کے مین لینڈ اسٹاکس 0.5 فیصد اوپر رہے جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سنگ تقریباً غیر متحرک رہا۔

امریکا میں بدھ کی شب نیسڈیک کمپوزٹ 0.7 فیصد اور ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 0.2 فیصد نیچے بند ہوا۔ فیوچرز میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق 17 ستمبر کو فیڈرل ریزرو کے جانب سے سود کی شرح میں کٹوتی کے امکانات تقریباً 80 فیصد ہیں جبکہ سال کے بقیہ عرصے میں مزید 52 بیسس پوائنٹس کی کمی متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp