ناسا نے سورج کی سرگرمیوں کی پیشگوئی کے لیے مصنوعی ذہانت کا سہارا لے لیا

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سورج کے رویے کو سمجھنے اور مستقبل کی پیشگوئیوں کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نیا ماڈل تیار کیا ہے۔

ناساکے مطابق یہ ماڈل ’سوریہ ہیلیوفزکس فاؤنڈیشنل ماڈل‘ کہلاتا ہے، جسے آئی بی ایم سمیت دیگر شراکت دار اداروں کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ناسا کا طلبہ کے لیے چاند و مریخ روور چیلنج کا اعلان

ماڈل کو ناسا کے سولر ڈائنامکس آبزرویٹری سے حاصل کیے گئے نو سالہ ڈیٹا پر تربیت دی گئی ہے۔ ’سوریہ‘ سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’سورج‘ ہیں۔

ناساکے چیف سائنس ڈیٹا آفیسر کیون مرفی نے کہا کہ یہ منصوبہ ڈیٹا پر مبنی سائنسی تحقیق کو نئی جہت دیتا ہے۔

ان کے مطابق یہ ماڈل سورج کی سرگرمیوں کو پہلے سے کہیں زیادہ تیزی اور درستگی کے ساتھ سمجھنے میں مددگار ہوگا۔

ماہرین کے مطابق ’سوریہ‘، سورج کی روشنی، شمسی طوفان، الٹرا وائلٹ شعاعوں کے اثرات اور سولر ونڈ کی رفتار کا اندازہ لگا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ناسا کے معروف خلا باز بُچ وِلمور کے شاندار کیریئر کا اختتام، ریٹائرمنٹ لے لی

یہ پیشگوئیاں زمین پر موجود مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ آپریشنز اور بجلی کے گرڈز کو متاثر کرنے والے ممکنہ خطرات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ناساکے ہیلیوفزکس ڈویژن کے ڈائریکٹر جوزف ویسٹلیک نے کہا کہ جس طرح ہم زمین کے موسم کی پیشگوئی کے لیے موسمیات پر انحصار کرتے ہیں، اسی طرح خلا کے موسم کی پیشگوئی ہماری ٹیکنالوجی اور نظام کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

ماہرین نے مزید بتایا کہ یہ ماڈل نہ صرف سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے بلکہ زمین کے مشاہدے اور سیاروی علوم (Planetary Science) میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

ناسا اور آئی بی ایم نے ماڈل اور اس کے تربیتی ڈیٹاسیٹ کو اوپن سورس کر دیا ہے جو آن لائن پلیٹ فارمز جیسے Hugging Face اور GitHub پر دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چاند پر انسانی بستی کے لیے بجلی کی فراہمی کا منصوبہ، ناسا نے نیوکلیئر ری ایکٹر پر کام تیز کردیا

آئی بی ایم کے سائنسی تعاون کے ڈائریکٹر جوان برنا بے مورینو نے کہا کہ ہم نے ناسا کے ساتھ 2023 سے ٹیکنالوجی کی نئی حدود کو چھونے کا سفر شروع کیا تھا۔

’سوریہ‘ کے ذریعے ہم نے پہلی بار سورج کی حرکات و سکنات کو براہِ راست سمجھنے والا بنیادی ماڈل تخلیق کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp