امریکا کی ریاست پینسلوانیا میں کئی دنوں تک ایک کتا پلاسٹک کی بڑی جار میں سر پھنسائے بھٹکتا رہا جسے بالآخر محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا۔
کینائن ریسکیو آف سنٹرل پینسلوانیا کے مطابق گزشتہ روز ایک ڈرون پائلٹ کی نشاندہی پر رضاکاروں نے کتے کو مکئی کے کھیت سے ڈھونڈ نکالا۔
یہ بھی پڑھیں: دلیر کتے نے گھر میں گھسنے والے ریچھ کو بھگا دیا
کتے کو ڈرون پائلٹ ڈلاس فرہمن کے نام پر ڈلاس کا نام دیا گیا ہے۔ وہ یارک کاؤنٹی میں کئی دنوں سے پلاسٹک اسنیک جار میں سر پھنسا کر بھٹک رہا تھا اور پہلی مرتبہ پیر کے روز مقامی افراد نے اسے دیکھا تھا۔
ریسکیو ادارے کے مطابق ڈلاس کو شدید پانی کی کمی کا سامنا ہے، اس کے جسم پر چیچڑ لگے ہوئے ہیں اور وہ سخت اذیت میں تھا۔ اسے فوری طور پر ویٹرنری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج شروع کر دیا گیا ہے جبکہ خون کے ٹیسٹ بھی کرائے جارہے ہیں تاکہ اس کی صحت کے بارے میں مکمل طور پر آگاہی حاصل کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹارکٹکا میں 65 سال بعد برطانوی کوہ پیما اور اس کے وفادار کتے کی باقیات برآمد
ادارہ اس وقت ڈلاس کے علاج کے لیے فنڈز جمع کر رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اسے گود لینے کے لیے دستیاب نہیں کیا جائے گا، تاہم عوام کو اس کی صحت اور بحالی سے متعلق مسلسل اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔














