گلگت بلتستان کے علاقے راؤشن میں گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان خود ہنگامی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ افراد کی فوری مدد حکومت کی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت میں گلیشیئر پھٹنے سے دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا، متعدد بستیاں تباہ
ایمان شاہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں جبکہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاک فوج نے بھی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے کمشنر گلگت، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر غذر اور ایس ایس پی کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر ریسکیو میں افواجِ پاکستان کی مزید مدد بھی طلب کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:کیا اس سال پھر شیشپر گلیشیئر پھٹنے سے قراقرم ہائی وے بند ہوسکتی ہے؟
وزیراعلیٰ نے دریا غذر سے ملحقہ آبادیوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ ایمان شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔