اداکار گووندا مشکل میں، بیوی سنیتا آہوجا کا بے وفائی اور ظلم کرنے کا الزام

جمعہ 22 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بالی وڈ سپر اسٹار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا  نے باندرہ فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کر دی ہے۔ سنیتا آہوجا نے شوہر پر بے وفائی، ظلم و ستم اور رشتے سے کنارہ کشی جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، سنیتا آہوجا نے ہندو میرج ایکٹ 1955 کی دفعہ 13(1)(i) (ia)، اور (ib) کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے اداکار گوندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سنیتا باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گووندا اور اہلیہ سنیتا میں طلاق، حقائق کیا ہیں؟

اپنے حالیہ وی لاگ میں سنیتا آہوجا نے طلاق سے متعلق افواہوں پر بات کرتے ہوئے جذباتی انداز میں اپنی شادی اور ازدواجی زندگی پر روشنی ڈالی۔ وہ ایک مندر کے دورے کے دوران آبدیدہ ہو گئیں اور کہا ’جب میری ملاقات گووندا سے ہوئی تو میں نے ماتا رانی سے یہی دعا کی کہ میری شادی اسی سے ہو اور میری زندگی خوشگوار گزرے‘۔

سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ ’ماں نے میری ساری دعائیں قبول کیں اور مجھے دو بچے بھی عطا کیے۔ لیکن زندگی میں ہر سچ آسانی سے نہیں ملتا، اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ مجھے ماں کالی پر پورا یقین ہے کہ جو بھی میرے گھر کو توڑنے کی کوشش کرے گا، وہ اسے بخشیں گی نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار گووندا اور اہلیہ کے درمیان 37 سال بعد طلاق کی افواہیں

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک اچھے انسان اور ایک نیک عورت کو تکلیف دینا کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ میں تینوں ماتاؤں سے بے حد عقیدت رکھتی ہوں۔ حالات کچھ بھی ہوں، جو کوئی بھی میرے خاندان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا وہ اُسے ماں معاف نہیں کریں گی‘۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں گووندا اور سنیتا آہوجا کی علیحدگی کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان مسلسل اختلافات، طرزِ زندگی میں فرق اور گووندا کی ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ کے ساتھ قربت اس رشتے میں دراڑ کی ممکنہ وجوہات میں شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیر کی بیٹی نے گووندا کے گھر 20 دن تک بطور ملازمہ کام کیوں کیا؟

بعد ازاں گوندا کے وکیل اور قریبی خاندانی دوست لالِت بندل نے بیان دیا تھا کہ اگرچہ جوڑے نے چھ ماہ قبل طلاق کی درخواست دائر کی تھی، تاہم دونوں کے درمیان صلح کی کوششیں جاری ہیں اور وہ مضبوطی سے ایک ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ کے درمیان شادی کے 37 سال بعد طلاق کی خبریں سرگرم ہیں۔ سینئر اداکار گووندا کی شادی کو 37 برس بیت چکے ہیں،گووندا اور سنیتا آہوجا نے 11 مارچ 1987 کو شادی کی تھی،اس جوڑے کے دو بچے، بیٹا یشور دھن آہوجا اور بیٹی ٹینا آہوجا ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp