چینی سفیر نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اپنی حکومت کی طرف سے ایک چیک وزیر اعظم شہباز شریف کے حوالے کردیا۔
زرعی شعبے میں تربیت کے لیے 300 پاکستانی طالب علموں کو چین بھیجنے کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی سفیر ژیانگ زیڈانگ سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے؛ پاکستان اور چین کے تعلقات نئی جہتوں کی طرف بڑھ رہے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اس موقع پر چینی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیے ہنرمند افراد انتہائی اہم ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہنرمند نوجوان پروگرام شروع کیا جو لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے نوجوانوں سے متعلق اقدامات چینی صدر شی جن پنگ سے ملتے جلتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستانی معیشت مستحکم اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوا۔
چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ زراعت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔