پاکستان میں ’او‘ اور ’اے‘ لیول کے امتحانات منسوخ، طلبہ کا مستقبل تاریک

جمعرات 11 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ’او‘ اور ’اے‘ لیول کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔جس کے نتیجے میں طلبہ کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

برٹش کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی غیر یقینی کی صورت کے پیش نظر پاکستان میں’او‘ اور ’اے‘ لیول کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

برٹش کونسل کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی موجودہ صورت حال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق 10 اور 11 مئی کے پرچے پہلے سے ہی منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

برٹش کونسل کے مطابق 1 دن میں2  پرچے (صبح اور شام) شیڈول ہوتے ہیں اور اس کے مطابق گزشتہ روز (بدھ) اور (جمعرات) کو ہونے والے 4 شفٹوں کے پرچے منسوخ ہو چکے ہیں۔

بیان کے مطابق ’او‘ اور ’اے‘ لیول کے امتحانات کے علاوہ انگلش لینگویج ٹیسٹ اور یونیورسٹی آف لندن کے بھی امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں ۔

’کیمبرج انٹر نیشنل اسسمنٹ‘ کے ترجمان ارسلان صدیقی نے ’وی نیوز‘ کو بتایا کہ منسوخ شدہ پرچے دوبارہ نہیں لیے جاتے کیوں کہ یہ امتحانات پوری دنیا میں ہوتے ہیں۔ چوں کہ امتحانی پرچوں کے 2 یا 3 حصے ہوتے ہیں۔

یہ امتحانات سبجیکٹ کی نوعیت کے مطابق ہوتے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پہلا حصہ تو مس ہوگیا ہے مگر امتحان کے دوسرے حصے اور کارکردگی کی بنیاد پر نمبر ایڈجسٹ کر دیے جائیں گے۔

’وی نیوز‘ کے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اب تک 4 پرچے منسوخ ہو چکے ہیں جو 10 اور 11 مئی کو صبح اور شام کے شیڈول تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 12 مئی یعنی جمعے کو ہونے والے پرچے کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع نہیں موصول ہوئی۔ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا یا امکان ظاہر کرنا قبل از وقت ہوگا۔

ارسلان صدیقی نے مزید کہا کہ پہلے بھی پاکستان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا۔ اب بھی ملکی صورت حل کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کا ٹائم ٹیبل

’کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن‘ کے ٹائم ٹیبل کے مطابق 10 اور 11 مئ کو منسوخ ہونے والے مضامین میں فزکس، بیالوجی، تاریخ، لاطینی، فرنچ، اردو، جرمن، چائنیز، تھائی، سوشیالوجی، بزنس، اسلامک اسٹڈیز اور کیمسٹری شامل ہیں۔ ان تمام مضامین کے پرچے صبح اور شام کی شفٹ میں تقسیم کیے گئے تھے۔

رواں برس کیمبرج ’آئی جی سی ایس ای‘، کیمبرج او لیول اور کیمبرج انٹرنیشنل ’اے ایس اینڈ اے‘ لیول کے امتحانات کے لیے ملک بھر میں  قریباً 100 امتحانی سینٹرز قائم ہیں اور ان میں ایک لاکھ سے زیادہ طلبا نے 100 سے زیادہ مضامین میں اپنا اندراج کروایا۔

’وی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے طلبا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جو پرچے منسوخ ہوئے ہیں وہ پرچے دوبارہ شیڈول نہیں ہوں گے اور امتحان کے دوسرے حصے اور کارکردگی کی بنیاد پر ریٹنگ کے طریقہ کار سے ہمارا بہت تعلیمی نقصان ہوا ہے۔

نیحہ علی اسلام آباد ’بیکن ہاؤس‘ میں ’اے‘ لیولز کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے ’وی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا  کیمسٹری کا ایم سی کیوز (پیپر 1) کا پرچہ منسوخ ہوا ہے۔

طالبہ نے بتایا کہ اس نے اس پیپر کی بہت اچھی تیاری کر رکھی تھی پہلے پارٹ میں پورے نمبر حاصل کرنے کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے کہ دوسرے حصے اور سکول کی کارکردگی کے مطابق نمبر دیے جائیں گے۔

اس طریقہ کار سے ہمارے گریڈ پر بہت برا اثر پڑے گا، سکول میں تو بنا تیاری کہ بھی اکثر امتحانات دیے ہیں تو یہ نہایت غلط طریقہ ہے کہ اس سب کی بنیاد پر ہمارے نمبر ایڈجسٹ کیے جائیں یہ ہمارا قصور یا غلطی نہیں ہے ۔

 

محمد فیصل ’او‘ لیول کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کشیدہ حالات کی وجہ سے ان کا فزکس کا پرچہ منسوخ ہوا۔ وہ کہتے ہیں کہ ان تمام طلبا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے جن کا انحصار امتحان کے پہلے حصے پر ہوتا ہے۔

کیوں کہ امتحان کے پہلے حصے میں اتنا دباؤ نہیں ہوتا اور وہی منسوخ ہو جائے تو یہ تمام اسٹوڈنٹ کے گریڈ کو بری طرح متاثر کرے گا۔ اب تمام سٹوڈنٹس پر بہت زیادہ دباؤ ہوگا اور ان کو اچھے گریڈ کے لیے بہت زیادہ محنت کرنی پڑے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp