پاکستان سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین نے حال ہی میں اپنے اسمارٹ فونز میں کالنگ ایپ کے انٹرفیس میں اچانک تبدیلی نوٹ کی ہے۔ اس غیر متوقع اپ ڈیٹ نے متعدد صارفین کو حیران اور کچھ کو پریشان کر دیا۔
صارفین کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر اس تبدیلی پر بات کی۔ بعض افراد نے اسے ہیکنگ قرار دیا جبکہ کچھ صارفین نے اسے اینڈرائیڈ اپ ڈیٹ کا حصہ سمجھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل کی بڑی چھلانگ، میٹا کے ساتھ بڑا کلاؤڈ معاہدہ کرلیا
نئے انٹرفیس میں اب صارفین کو کال ایپ کے اندر ’ریسنٹ‘ اور ’فیورٹس‘ کے علیحدہ علیحدہ آپشنز دکھائی نہیں دیتے بلکہ گوگل نے انہیں ہوم ٹیب میں ضم کر دیا ہے۔ اس طرح اب صرف ’ہوم‘ اور ’کی پیڈ‘ یعنی ڈائلر کی آپشنز ہی سامنے آتی ہیں۔
گوگل نے مئی میں ہی اس تبدیلی کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ کمپنی نے وضاحت دی تھی کہ وہ ‘مٹیریل تھری ایکسپریسیو’ نامی بڑی اپ ڈیٹ پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد ڈسپلے اور سافٹ ویئر کو زیادہ سادہ، تیز اور صارف دوست بنانا ہے۔
گوگل کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد نہ صرف کال ایپ بلکہ فون کے مجموعی ڈسپلے سیٹنگز مثلاً نوٹیفکیشنز، رنگوں کے تھیمز، جی میل، تصاویر اور گھڑی وغیرہ میں بھی نمایاں فرق نظر آئے گا۔ اس سے قبل اینڈرائیڈ فونز ‘مٹیریل یو’ ڈیزائن پر مبنی انٹرفیس فراہم کر رہے تھے۔













