عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو فوربز کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے ساتویں ارب پتی ایتھلیٹ کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔
سوئس کھلاڑی جنہوں نے 2022 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، اس وقت ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.1 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ یہ دولت زیادہ تر سوئس اسپورٹس برانڈ ’آن‘ میں ان کے شیئرز اور کیریئر کے دوران کمرشل معاہدوں سے حاصل ہوئی آمدن کے باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹینس اسٹار میکائیل علی بیگ کی شاندار فتوحات، مسلسل 2 ٹائٹلز اپنے نام کرلیے
راجر فیڈرر نے اپنے کھیل کے دنوں میں کورٹ سے باہر مختلف کاروباری سرگرمیوں سے قریباً ایک ارب ڈالر کمائے۔ وہ لگاتار 16 سال تک ٹینس کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑی رہے، حالانکہ ان کے حریف نوواک جوکووچ اور رافیل نڈال نے ان سے زیادہ انعامی رقم جیتی تھی۔ 2020 میں فیڈرر نے 106.3 ملین ڈالر (ٹیکس سے قبل) کمائے، جو اس سال دنیا کے تمام کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ تھے۔
راجر فیڈرر سے قبل ٹینس میں ارب پتی بننے والے کھلاڑی صرف رومانیہ کے ایون تیرِیاک تھے، جنہوں نے 1970 میں فرنچ اوپن مینز ڈبلز جیتا اور بعد میں سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی دولت میں اضافہ کیا۔
ارب پتی ایتھلیٹس کی فہرست میں باسکٹ بال کے عظیم کھلاڑی مائیکل جارڈن، میجک جانسن، لیبرون جیمز اور جونیئر بریج مین شامل ہیں، جبکہ گالف کے اسٹار ٹائیگر ووڈز بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی نوجوان اسٹار کارلوس الکاراز مسلسل دوسرے سال دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے ایکٹو ٹینس کھلاڑی قرار پائے ہیں، جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں 48.3 ملین ڈالر کمائے۔
دنیا کے موجودہ نمبر ون اٹالین کھلاڑی یانک سنر دوسرے نمبر پر رہے، جن کی آمدن 47.3 ملین ڈالر رہی جو پچھلے سال کی آمدن سے تقریباً دُگنی ہے۔ صرف ٹینس سے انہوں نے 20.3 ملین ڈالر کمائے، جو تاریخ میں تیسری سب سے بڑی رقم ہے۔
امریکی اسٹار کوکو گاف اس سال کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ انہوں نے 37.2 ملین ڈالر کمائے، جو گزشتہ 12 ماہ کے دوران کسی بھی خاتون کھلاڑی کی سب سے زیادہ کمائی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ 2010 کے بعد تینوں سرفہرست کھلاڑی (فیڈرر، شراپووا اور نڈال کے بعد) 30 سال سے کم عمر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹینس اسٹار طلحہ وحید نے سروسز کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
فوربز کے مطابق رواں سال کے ٹاپ 10 سب سے زیادہ کمانے والے ٹینس کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 285 ملین ڈالر کمائے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہیں، تاہم یہ اب بھی 2020 کے ریکارڈ 343 ملین ڈالر سے کم ہیں۔