وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی اور چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی کو سرکاری ملازم پر تشدد اور کارِ سرکار میں رکاوٹ ڈالنے کے مقدمے میں گرفتار کیے جانے کے بعد عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعید غنی کا بھائی فرحان غنی گرفتار، انسدادِ دہشتگردی سمیت سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج
فرحان غنی کو پولیس نے اسپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ان کے خلاف درج مقدمہ فیروز آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو کل انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان کی بنیاد پر فرحان غنی کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ اس سے قبل پولیس نے فرحان غنی اور دیگر ملزمان کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ ایک سرکاری ملازم کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں انسداد دہشت گردی، اقدامِ قتل اور دیگر دفعات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلے میں ہار ڈالنے کی کوشش پر سعید غنی نے بزرگ شہری کو جھڑک کر ہار توڑ دیا
گرفتار افراد میں فرحان غنی کے ساتھ ساتھ قمر احمد خان، شکیل چانڈیو، سکندر اور روحان کے نام بھی شامل ہیں۔