اداکار عمران عباس نے حالیہ تنقیدی بیانات پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کی منفی رائے اکثر ان کی اپنی محرومیوں اور احساسِ کمتری کو ظاہر کرتی ہے۔
چند روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں اداکار ببرک شاہ نے اپنے کیریئر اور دیگر فنکاروں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران عباس فلمی کرداروں کے لیے موزوں نہیں لگتے اور ان کی شخصیت ٔاسکرین پر مردانہ تاثر نہیں چھوڑتی۔
یہ بھی پڑھیے: عمران عباس اپنی پہلی پنجابی فلم ’جی وے سوہنیا‘ میں کراس بارڈر عاشقی کے لیے تیار
ببرک شاہ نے اسی شو میں فواد خان کو بھی ’اوور ریٹڈ‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ فلمی دنیا میں ان سے بلاوجہ بڑی توقعات وابستہ کی جاتی ہیں۔
تاہم عمران عباس نے مداحوں کے ساتھ براہِ راست گفتگو میں بغیر کسی کا نام لیے اس تنقید پر اپنا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کچھ بھی کہے، وہ اپنے مقام پر مطمئن ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ان کی صلاحیتوں سے بڑھ کر نوازا ہے۔ ‘اس لیے دوسروں کی باتوں کی پرواہ کرنا میرے لیے بے معنی ہے۔’
یہ بھی پڑھیے: جمیل فخری کے بیٹے کو امریکا میں کیسے قتل کیا گیا؟ ببرک شاہ اور راشد محمود نے تفصیلات بتادیں
عمران عباس نے مزید کہا کہ اکثر وہی افراد دوسروں پر طنز کرتے ہیں جو اپنی ذاتی زندگی میں ناکام یا محرومی کا شکار ہوتے ہیں۔ جب یہ لوگ دوسروں کے چہرے یا شخصیت پر تنقید کرتے ہیں تو دراصل یہ اپنی سوچ اور اندرونی کمیوں کو عیاں کرتے ہیں۔
اداکار کے مطابق شوبز کی دنیا میں بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے کہ جو لوگ آپ کی برائیاں کر رہے ہوتے ہیں، ان کی اپنی زندگی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ خود کس حد تک پیچھے رہ گئے ہیں۔