پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے علیحدہ ہو رہے ہیں تاکہ قانونی معاملات پر اپنی توجہ مرکوز کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالیہ حمزہ معافی مانگیں ورنہ کارروائی ہوگی، سلمان اکرم راجا برس پڑے
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وہ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے باضابطہ گزارش کر کے عہدے سے علیحدگی اختیار کریں گے، تاہم بطور وکیل اپنی خدمات بلامعاوضہ پارٹی کے لیے جاری رکھیں گے۔
آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے۔ میری زندگی کھلی کتاب ہے۔ میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں۔ فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ مجھے قبول نہیں۔ کل میں خان صاحب سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جاؤں گا۔ میری وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی۔
— salman akram raja (@salmanAraja) August 25, 2025
انہوں نے کہاکہ گزشتہ منگل کو انہوں نے ایڈووکیٹ علی بخاری کے ذریعے عمران خان کو درخواست دی تھی کہ پارٹی ارکان کو دی جانے والی ناحق سزاؤں کے پیش نظر انہیں سیکریٹری جنرل کے عہدے سے سبکدوش کردیا جائے تاکہ وہ قانونی امور پر بھرپور توجہ دے سکیں، تاہم عمران خان نے ان کی درخواست منظور نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیئرمین کے اعتماد پر شکر گزار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی روایتی سیاست دان، جاگیردار یا صنعتکار نہیں بلکہ ایک عام خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، اور اپنے مختصر خاندان کے ساتھ پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر طرح کے حملے برداشت کیے ہیں۔
’اپنی بھرپور وکالت اور معاشی استحکام کو پیچھے چھوڑ کر بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے اور اس پر کوئی ملال نہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: ’کاش! آپ اطاعت گزاری نہ کرتے‘، سلمان اکرم راجا کی بیرسٹر گوہر پر تنقید
انہوں نے کہا کہ آج پیش آنے والے ایک واقعے نے انہیں دو ٹوک فیصلے پر مجبور کر دیا ہے کیونکہ ان کی زندگی ایک کھلی کتاب ہے اور وہ کسی بھی اصول کے خلاف عمل یا فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ برداشت نہیں کر سکتے۔