پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کردی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے دیگر بہنوں کے ہمراہ بتایا کہ وہ کارکنان کی شکر گزار ہیں جو کئی مہینوں سے ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
عمران خان نے پارٹی ارکان کو پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کی ہدایت جاری کر دی، علیمہ خان pic.twitter.com/mDWZZUBBeC
— WE News (@WENewsPk) August 26, 2025
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار
ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ تین ماہ سے ملاقات کے لیے آ رہے تھے لیکن اجازت نہیں دی جا رہی تھی، آج اللہ کے فضل سے بھائی سے ملاقات ہوئی، 4 ماہ بعد تمام بہنوں کو ایک ساتھ ملاقات کرائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت وکلا بھی شریک ہوئے۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے تاہم ان کی آنکھ میں مسئلہ ہے جس کے علاج کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی جا رہی ہے، اور آنکھوں کے علاج کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز آئیں گے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی وجہ سے پریشان ہیں اور انہیں شیر شاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ان کے بقول عمران خان نے کہا کہ اس طرح کی سزائیں اور نااہلیاں پاکستان میں کبھی نہیں ہوئیں، جبکہ کرکٹ کو محسن نقوی نے تباہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے بونیر اور دیگر علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو ہدایات دیں اور کہاکہ ان انتخابات میں حصہ لینا دراصل انہیں قانونی جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا، اس لیے ایسا نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی پارٹی کو ذاتی لڑائیاں ختم کرکے تحریک چلانے کی ہدایت، علیمہ خان
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے فیملی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی بھی ملاقات ہوئی ہے، جن میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور دیگر شامل ہیں۔ عمران خان نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ مسترد کردیا۔














