سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے معروف صارف محمد شیراز کا اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:محمد شیراز کو دیکھ کر وی لاگنگ شروع کرنے والا گلگت کا آحل کون ہے؟
انسٹاگرام کے مطابق اکاؤنٹ ان کے ٹرمز آف یوز کی خلاف ورزی کی وجہ سے معطل کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام نوٹیفکیشن کے مطابق، صارف کو 177 دنوں کے اندر اپیل کرنے کا حق حاصل ہے، بصورتِ دیگر اکاؤنٹ مستقل طور پر غیر فعال کر دیا جائے گا۔
اس دوران اکاؤنٹ عوام کے لیے نظر نہیں آئے گا اور صارف اسے استعمال بھی نہیں کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں:’میں آج سے وی لاگ نہیں بناؤں گا‘، محمد شیراز نے وی لاگنگ کو خیرباد کیوں کہا؟
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں محمد شیراز اور اس کی چھوٹی بہن کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا تھا
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ننھے وی لاگر محمد شیراز اور ان کی بہن مسکان نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم نے خود ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے شیراز کو اپنی کرسی پر بٹھایا، جس پر ننھے وی لاگر نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’’آج میں وزیر اعظم ہوں‘‘۔ کمرے میں موجود تمام افراد یہ سن کر مسکرا اٹھے۔ ملاقات کے دوران شیراز نے وزیر اعظم کو ’’شہباز انکل‘‘ کہہ کر پکارا۔
شیراز نے بتایا کہ وہ پہلی جماعت کے طالب علم ہیں اور مستقبل میں یوٹیوبر بننے کا خواب رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ان کے گاؤں میں اسکول اور اسپتال کی تعمیر کا عزم بھی دہرایا۔
یاد رہے کہ شیراز اور مسکان اس سے قبل کئی حکومتی شخصیات اور فوجی افسران سے بھی ملاقات کر چکے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے وی لاگز چند ہفتوں میں لاکھوں مداح حاصل کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی صارفین کے اکاؤنٹس معطل اور بعد ازاں بحال کیے جا چکے ہیں، اور ہر بار ایسی کارروائی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
چند روز قبل ایک ننھے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا گیا، جو بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔