امریکا کا غزہ کے مستقبل پر جامع منصوبہ تیار، صدر ٹرمپ براہِ راست قیادت کریں گے

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں غزہ کی جنگ کے بعد کے منصوبوں پر ایک بڑے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہ بات ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے منگل کے روز بتائی۔

اسٹیو وٹکوف نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صدر کی سربراہی میں ایک بڑا اجلاس ہو رہا ہے، یہ ایک جامع منصوبہ ہے جسے حتمی شکل دی جائے گی، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

یہ بھی پڑھیں:’غزہ جنگ بند کروائیں‘، اسرائیل کے 600 سے زائد سابق سیکیورٹی عہدیداروں کا امریکی صدر ٹرمپ کو خط

یہ سوال پوچھے جانے پر کہ کیا واقعی غزہ کے مستقبل کے لیے کوئی منصوبہ موجود ہے، اسٹیو وٹکوف نے صرف اتنا کہا کہ لوگ جلد ہی دیکھیں گے کہ یہ منصوبہ کس قدر ’مضبوط اور نیک نیتی پر مبنی‘ ہے۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں برس کے آغاز میں ایک متنازع تجویز دی تھی جس نے دنیا کو حیران کر دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کو غزہ کی پٹی کا کنٹرول سنبھال لینا چاہیے، وہاں سے 2 ملین فلسطینیوں کو نکال کر ساحلی علاقے کو ترقی دے کر ’مشرقِ وسطیٰ کے ریویئرا‘ میں تبدیل کر دینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل کرنا چاہتے ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

اس تجویز کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تو سراہا تھا مگر یورپی اور عرب ممالک کی جانب سے اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک غزہ میں کم از کم 62 ہزار 800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp