فورڈ موٹر کمپنی نے امریکا میں 3 لاکھ 55 ہزار سے زائد ٹرک واپس منگوا لیے ہیں۔
یہ فیصلہ ٹرکوں کے انسٹرومنٹ پینل ڈسپلے میں خرابی کے باعث کیا گیا ہے جس کی امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے بدھ کے روز تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیے: کیا آپ بھی اپنی لینڈ روور کو الیکٹرک وہیکل میں تبدیل کروانا چاہتے ہیں؟
اس فیصلے کے تحت فورڈ کے مخصوص 2025 اور 2026 ماڈلز واپس منگوا لیے جائیں گے جن میں F-550 SD، F-450 SD، F-350 SD، F-250 SD اور 2025 ماڈل F-150 شامل ہیں۔
انسٹرومنٹ پینل کلسٹر گاڑی کے ڈیش بورڈ پر اہم معلومات فراہم کرتا ہے جیسے رفتار، فیول لیول اور نیویگیشن۔ حکام کے مطابق اگر یہ ڈسپلے رفتار یا وارننگ لائٹس جیسی اہم معلومات نہ دکھائے تو حادثے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ یہ پینل انجن اسٹارٹ ہونے پر ناکام ہو سکتا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس خرابی کو درست کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ڈیلر کے ذریعے یا اوور دی ایئر اپ ڈیٹ کے طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔














