پشاور زلمی اور خیبر پختونخوا حکومت کے اشتراک سے 30 اگست کو ‘عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم’ پشاور میں فلڈ ریلیف کے لیے ایک نمائشی کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ کا مقصد خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا ہے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
اس نمائشی میچ میں پاکستان کے موجودہ اور سابق سپر اسٹار کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساتھ سابق کپتان شاہد آفریدی، وقار یونس، یونس خان، انضمام الحق، شعیب اختر، محمد حفیظ اور راشد لطیف سمیت دیگر نامور کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔ اس شمولیت نے شائقین کرکٹ میں بے حد جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد: پشاور زلمی کا ’فلڈ ریلیف نمائشی میچ‘ کا اعلان
نمائشی میچ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، بابر اعظم، یونس خان، انضمام الحق، راشد لطیف، وقار یونس، اظہر محمود، سعید اجمل، شعیب اختر، محمد حفیظ، صہیب مقصود، یاسر شاہ، عمید آصف، اظہر علی، عمران فرحت، ہمایوں فرحت، احسان اللہ، یاسر حمید، کامران غلام، عبد الرحمٰن، محمد عرفان، معاذ صداقت، ذوالفقار بابر اور محمد سلمان شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سیلاب متاثرین کو انصاف ملے گا، نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کیا جائے گا: گنڈاپور
اس میچ کے ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ میچ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جائے گی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی اور پاکستان کے کرکٹرز اس مشکل گھڑی میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ اپنے بہن بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کرکٹ کمیونٹی ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔














