خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد: پشاور زلمی کا ’فلڈ ریلیف نمائشی میچ‘ کا اعلان

منگل 26 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ’فلڈ ریلیف نمائشی میچ‘ کا اعلان کردیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے فرنچائز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے ’کھیل سے خدمت‘ کے نعرے کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فلڈ ریلیف نمائشی کرکٹ میچ کے انعقاد کا اعلان کرتی ہے۔

یہ خصوصی نمائشی میچ ہفتہ 30 اگست 2025 کو پشاور کے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ میں کھیلا جائےگا، جس میں پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صرف کرکٹ کا میچ نہیں، بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور خدمت کا عملی مظاہرہ ہے۔ میچ کی تمام ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی 100 فیصد سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے لیے وقف کی جائے گی، تاکہ ضروری مدد ان لوگوں تک پہنچے جو سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

ہم کھیل کے جذبے کو ایک اہم مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، جاوید آفریدی

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہاکہ کرکٹ ہمیشہ پاکستان میں اتحاد کی علامت رہی ہے۔ اس نمائشی میچ کے ذریعے ہم اس کھیل کے جذبے کو ایک اہم مقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کے لیے جو خیبر پختونخوا میں خوفناک سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ صرف ایک میچ نہیں، بلکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ خدمت اور یکجہتی کا ذریعہ بھی ہے، وزیر کھیل فخر جہان

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ خدمت اور یکجہتی کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ میچ ان تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہماری ہمدردی کا مظہر ہے جو سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے ہیں۔

میچ میں شرکت کرنے والے شائقین نہ صرف اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھیں گے بلکہ ایک عظیم مقصد کے لیے اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔ معروف کرکٹ اسٹارز اور لیجنڈز کی موجودگی اس ایونٹ کو پشاور کی اسپورٹس تاریخ کا یادگار لمحہ بنا دے گی۔

فرنچائز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فلڈ ریلیف نمائشی میچ کی ٹکٹس پشاور اسپورٹس کمپلیکس، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس اور عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

’شائقین، فلاحی شخصیات اور پاکستانی عوام کو اسٹیڈیم آنے کی دعوت‘

پشاور زلمی نے مزید کہاکہ زلمی فیملی کرکٹ کے شائقین، فلاحی شخصیات اور پاکستان کے عوام کو اس عظیم مقصد کے لیے ایک ساتھ آنے کی دعوت دیتی ہے، تاکہ کھیل کی طاقت سے زندگیاں اور معاشرے بدلے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیر پاکستان کا بونیر کے سیلاب زدگان کے لیے نوکریوں کا اعلان

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور زلمی صرف ایک کرکٹ فرنچائز نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جو کھیل، تعلیم اور سماجی فلاحی اقدامات کے ذریعے معاشروں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ’کھیل سے خدمت کے جذبے کے تحت، زلمی ایسے منصوبوں کی سرپرستی جاری رکھے ہوئے ہے جو امید، اتحاد اور مثبت تبدیلی کی علامت ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp