پشاور میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پشاور زلمی الیون اور لیجنڈز الیون کے درمیان ہونے والا میچ کئی بار شائقین کی جوشیلے حرکتوں کے باعث رکا۔ پرجوش مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر لینے کے لیے بار بار میدان میں داخل ہوتے رہے، جس پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو دوڑیں لگانی پڑیں۔ تاہم انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پایا اور میچ خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: فلڈ ریلیف چیریٹی میچ: پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیجنڈز الیون کو شکست دیدی
19 سال بعد پشاور میں کرکٹ کا بڑا میلہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں سجا۔ سیلاب متاثرین کے لیے منعقدہ اس چیریٹی میچ میں پشاور زلمی الیون اور لیجنڈز الیون مدِ مقابل ہوئیں۔ قریباً 17 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والا اسٹیڈیم ہاؤس فل رہا۔ ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے اور تالیاں بجاتے پرجوش شائقین نے سماں باندھ دیا۔
ٹاس لیجنڈز الیون کے کپتان انضمام الحق نے جیتا اور زلمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بابر اعظم کی قیادت میں زلمی الیون نے مقررہ اوورز میں 145 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 41 اور یاسر حمید نے 35 رنز اسکور کیے۔ جبکہ جواب میں لیجنڈز الیون 6 وکٹوں پر 137 رنز ہی بنا سکی، اور یوں یہ میچ زلمی الیون کے نام رہا۔
میچ میں شعیب اختر اور وقار یونس کی بولنگ نے شائقین کو پُرجوش کردیا جبکہ بابر اعظم اور انضمام الحق کی بیٹنگ نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا۔
اس موقع پر پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر، صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں، دیگر وزرا، معززین شہر اور عوام کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہاکہ میں خیبرپختونخوا حکومت، کرکٹ سپر اسٹارز، لیجنڈز اور کرکٹ فینز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی بدولت یہ میچ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی مدد: پشاور زلمی کا ’فلڈ ریلیف نمائشی میچ‘ کا اعلان
ڈی جی کھیل خیبرپختونخوا نے کہاکہ اس میچ کا مقصد سیلاب متاثرین کی مدد اور پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں صرف لائٹنگ کا کام باقی ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔