وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور گاڑیاں ڈوب گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت پنجاب میں بدھ تک شدید بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
بارش کے باعث اسلام آباد میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ بہارہ کہو میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ سیکٹر جی الیون کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔
اسلام آباد میں بارش نے تباہی مچا دی لوگ شدید پریشانی کا شکار گاڑیاں تقریباً ڈوب چکی ہیں سیکٹر G_8,G_9,G_10اور G_11میں شدید بارش pic.twitter.com/seBmCwocP3
— Asim Baig Adv (@AsimBaigILF) September 1, 2025
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پیر سے بدھ تک اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے امکان پر الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، چنیوٹ، سرگودھا، بھکر، میانوالی اور فیصل آباد سمیت پہلے سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی سیلابی خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بدترین سیلابی صورت حال برقرار، مزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی یعنی پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے ہیڈ بالوکی میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی بلند ترین سطح پر پہنچ رہا ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں اب تک 33 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 2 ملین افراد تباہ کن سیلاب سے متاثر ہیں۔













