دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، 9 اضلاع میں ہائی الرٹ

پیر 1 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے سے آگاہ کردیا۔

وزارتِ آبی وسائل کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن نے باضابطہ طور پر ستلج میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے اطلاع دی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہری کے زیریں اور فیروزپور زیریں پر یکم ستمبر صبح 8 بجے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے 9 اضلاع میں ہائی الرٹ کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلے سے قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور پاکپتن سمیت 9 اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔

مزید جن اضلاع کو خطرے کا سامنا ہے ان میں وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp