پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 5 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث سیلابی صورتحال میں مزید شدت کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تینوں دریاؤں اور ہیڈورکس پر سیلابی صورتحال اور پانی کے دباؤ کا ڈیٹا بھی پیش کردیا ہے جس کے مطابق پانی کا سب سے زیادہ بہاؤ دریائے چناب میں مرالہ ہیڈ ورکس ہے جہاں پانی کی سطح 4 لاکھ 68 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل نہیں سکا، پی ڈی ایم اے نے خبردار کردیا
اس کے علاوہ خانکی ہیڈ ورکس پر 3 لاکھ 39 ہزار 470 کیوسک اور تریموں ہیڈ ورکس پر 3 لاکھ 55 ہزار 744 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ قادر آباد ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 32 ہزار 450 کیوسک جبکہ چنیوٹ پل پر 1 لاکھ 8 ہزار 343 کیوسک رہا۔
دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح بلند ہے، جی ایس والا پر 2 لاکھ 69 ہزار 501 کیوسک، سلیمانکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 22 ہزار 736 کیوسک، اسلام ہیڈ ورکس پر 95 ہزار 727 کیوسک اور پنجند ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 82 ہزار 107 کیوسک پانی پہنچ چکا ہے۔

دریائے راوی کے مقام جسڑ پر پانی کی سطح 71 ہزار 010 کیوسک، سائفن پر 54 ہزار 190 کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 53 ہزار 630 کیوسک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح بلوکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 17 ہزار 655 کیوسک اور سدھنائی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 93 ہزار 470 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور اب تک درجنوں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔














