وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کی تفصیلات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحالی امن کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوام و میڈیا کو حکومتی اقدامات اور حقائق سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے کے بعد دھماکا، اختر مینگل بال بال بچے
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ موجودہ تھریٹس الرٹ میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور کسی کو بھی بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، وزیراعلیٰ کا ضرورت پڑنے پر ایئر سروس مہیا کرنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحے کے شہدا کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمیوں کو بہترین علاج اور سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ شدید زخمیوں کو فضائی سروسز کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کا فوری بندوبست کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے 12 ربیع الاول کے پروگرامز کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی دی اورعوام سے اپیل کی کہ جلوسوں اور اجتماعات کے دوران حکومت اور اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔