ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس ایس پی سیکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ڈپلومیٹک انکلیو اور ہائی سیکیورٹی زون کے داخلی راستوں پر اضافی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ پڑتال کے عمل کو جدید تکنیکی بنیادوں پر مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی سیکیورٹی کے مطابق افسران فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ریڈ زون کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی ٹیم پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ، گرفتار ملزم زخمی
انہوں نے کہا کہ سفارت خانوں، اقوام متحدہ دفاتر اور دیگر سرکاری املاک کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے ریڈ زون میں داخل ہونے والے سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکمانہ کارڈز ہمراہ رکھیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ پڑتال کے عمل میں پولیس سے مکمل تعاون کریں اور کسی مشکوک شخص یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ’پکار 15‘ پر اطلاع دیں۔